ہوناور:26/ اکتوبر (ایس اؤنیوز)بغیر نمبر پلیٹ کے بولیرو سواری پر لاد کر غیر قانونی طورپر جانور سپلائی کئے جانے کا پتہ لگاتے ہوئے ہندو جاگرن ویدیکے والوں نے سواری سمیت جانوروں کو پکڑ لیا اور بعد میں پولس کے حوالے کردیا، واقعہ بدھ کی شام کو پیش آیاہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بجرنگ دل کے کارکنوں نے بدھ کی شام کو جب ایک بولیرو گاڑی کو بغیر نمبر پلیٹ کے گذرتے ہوئے دیکھا تو ہوناور پولس تھانہ کے سامنے ہی گاڑی کو روک دیا جس میں جانور لدے ہوئے تھے۔ڈرائیور سے سوال کرنے پر پتہ چلا کہ یہ جانور رام چندرا ہیگڈے نامی شخص کے ہیں اور اسے گونونتے سے سداپور سپلائی کیا جارہا ہے۔ لیکن ڈرائیور کےپاس جانوروں کو لے جانے کے لئے درکار کوئی دستاویزات نہیں ہیں۔ سواری کا نمبر پلیٹ نہ ہونے کے متعلق جب ڈرائیورسے پوچھا گیا تو ڈرائیور پریشان ہوگیا اور ادھر ادھر کی بات کرنے لگا۔ مقامی لوگوں کو شبہ ہے کہ جانور سپلائی کرنے کے پیچھے بہت بڑا جال ہا ہے۔ سواری میں 2 بیل، 1گائے اور 2بچھڑے سمیت کل 5جانور تھے۔ ویسے تو پولس نے بتایا ہے کہ وہ معاملے کی جانچ کررہی ہے مگر عوام انتظار میں ہیں کہ معاملے کو لے کر پولس کیا قدم اٹھاتے ہے۔ پی ایس آئی آنند مورتی اپنے عملے کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچتے ہوئے جانچ کررہے ہیں۔
اُدھر عوام اس بات کو لے کر تعجب کا اظہار کررہے ہیں کہ معاملے کو لے کر صرف مالک کا نام منظر عام پر آیا ہے، ڈرائیور کانام، گاڑی پر مزید کون لوگ سوار تھے، اُن کا نام سامنے نہیں آیاہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب سواری کے ذریعے سپلائی کئے جارہے جانور وں کو قریب سے دیکھا گیا تو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ کچھ دن پہلے جن جانوروں کو پکڑ کر پولس کے حوالے کیا گیا تھا یہ ہوبہو وہی جانور ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ایک فرد نے اپنے پاس موجود پرانے فوٹو کو نکال کر دیکھاتو پتہ چلا کہ یہ وہی جرسی گائے تھی جس کو کچھ دن پہلے پکڑ کر پولس کے حوالے کیا گیا تھا۔ بہر حال پورے معاملے کو لے کر عوام میں شکوک وشبہات پائے جارہے ہیں۔